عراق نے فٹ بال کی دنیا میں ایک تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے انٹر کنفیڈریشن پلے آف میں بولیویا کو 2-1 سے شکست دے دی اور 40 سال بعد فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ مونتری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں عراق کی جارحانہ کارکردگی نے سب کو متاثر کیا۔ میچ کے آغاز میں ہی دسویں منٹ میں علی الحمادی نے ایک شاندار ہیڈر کے ذریعے عراق کو برتری دلائی۔ تاہم پہلے ہاف کے اختتام سے قبل بولیویا کے موئیسز پانیگوا نے گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف کے تیریسویں منٹ میں ایمن حسین نے فیصلہ کن گول کر کے عراق کو دوبارہ برتری دلائی، جو کھیل کے آخر تک برقرار رہی۔

بولیویا نے اضافی وقت میں میچ پلٹانے کی کوشش میں کئی کارنرز حاصل کیے، مگر عراق کے دفاعی مورچے نے انہیں ناکام بنا دیا۔ اس فتح کے ساتھ عراق کینیڈا، میکسیکو اور امریکا میں گیارہ جون سے انیس جولائی تک ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرنے والی اڑتالیسویں اور آخری ٹیم بن گئی ہے۔ عراق گروپ آئی میں فرانس، ناروے اور سینیگال کے ساتھ مقابلہ کرے گا۔ یہ ایشیا کی جانب سے ورلڈ کپ میں جگہ بنانے والی نوویں ٹیم ہے۔ واضح رہے کہ عراق اس سے قبل صرف ایک بار انیس سو چھیاسی میں میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شریک ہوا تھا، جہاں اسے اپنے گروپ کے تمام میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چالیس سال بعد اب عراق ایک بار پھر عالمی کپ کے روشن ترین اسٹیج پر واپس آ رہا ہے۔








Discussion about this post