اسلام آباد میں محسن نقوی اور نیٹلی بیکر کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، کشیدگی میں کمی اور امن و استحکام کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران اسلام آباد میں مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے انعقاد کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو کی گئی، جسے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے کشیدگی کم کرنے کی جانب مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی تنازع کے دیرپا حل کے لیے سفارتی رابطوں کا تسلسل ناگزیر ہے۔ محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ تمام فریقین امن کو ترجیح دیتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف اور عاصم منیر اس مسئلے کے حل کے لیے ہر سطح پر متحرک ہیں، جبکہ ایران کی جانب سے بھی مثبت پیش رفت کی توقع کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر نیٹلی بیکر نے خطے میں امن کے قیام اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے تعمیری اور متوازن کردار کو سراہا، اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سفارتی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔







Discussion about this post