پاکستان نے دفاعی میدان میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے بحریہ کے تیار کردہ جدید اینٹی شپ ویپن سسٹم، تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے، جو ملک کی دفاعی طاقت میں ایک نمایاں اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ مسلح افواج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ تجربہ پاک بحریہ کی غیر معمولی مہارت، درست نشانے کی صلاحیت اور مکمل آپریشنل تیاری کا بھرپور عکاس ہے، جس نے پیشہ ورانہ برتری کا ایک اور ثبوت فراہم کیا۔ تجربے کے دوران میزائل نے اپنے ہدف کو انتہائی مہارت اور درستگی کے ساتھ کامیابی سے نشانہ بنایا، جس سے یہ واضح ہو گیا کہ پاک بحریہ جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ اور ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس کامیابی نے مسلح افواج کی روایتی جنگی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کیا ہے اور تینوں افواج کے درمیان مربوط اور کثیر جہتی آپریشنز کی قوت کو نئی توانائی بخشی ہے۔ پاک بحریہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ قومی بحری مفادات کے تحفظ اور علاقائی پانیوں کی خودمختاری کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ اس اہم کامیابی پر صدر، وزیرِ اعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی، جن کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔ یہ کامیاب تجربہ نہ صرف دفاعی خود انحصاری کی روشن مثال ہے بلکہ پاکستان کے مضبوط اور محفوظ مستقبل کی جانب ایک پراعتماد قدم بھی ہے۔






Discussion about this post