سندھ حکومت نے کراچی اور سکھر کے بعد اب حیدرآباد کی خواتین کے لیے بھی پنک اسکوٹیز کی مفت تقسیم کا اعلان کر دیا ہے۔سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سکھر میں اس منصوبے کا کامیاب آغاز ہو چکا ہے اور اب حیدرآباد کی بہنوں کو بھی یہ تحفہ دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف اسکوٹی ہی نہیں بلکہ خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس، ہیلمٹ اور معیاری تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ سڑکوں پر مکمل اعتماد کے ساتھ گھوم سکیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خواتین کو بااختیار اور خودمختار بنانا سندھ حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ اسی مقصد کے تحت مختلف انقلابی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں جو براہ راست عورت، نوجوان اور محنت کش طبقے کی زندگی بدل رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سکھر اور شکارپور کے بعد پیپلز بس سروس کا دائرہ کار مزید وسعت دیا جا رہا ہے۔ جلد ہی خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور روٹس پر بھی نئی بس سروس شروع ہو جائے گی۔ حیدرآباد میں کوہسار حیدر چوک اور حیدرآباد تا ٹنڈو الہیار روٹس پر بھی پیپلز بس سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ یہ تمام اقدامات سندھ حکومت کے اس عزم کا عکاس ہیں کہ عوام کو سستی، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔ خاص طور پر خواتین کو نقل و حرکت کی آزادی دے کر انہیں معاشی اور سماجی طور پر مضبوط بنایا جائے۔ سندھ حکومت کی یہ پیش قدمی نہ صرف خواتین کے لیے ایک بڑا تحفہ ہے بلکہ صوبے میں خواتین کی بااختیاری کی ایک نئی مثال بھی قائم کر رہی ہے۔








Discussion about this post