مظفر آباد میں آئی جی پولیس آزاد جموں و کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے ایک اہم نیوز کانفرنس کرتے ہوئے زبردست کامیابی کا اعلان کیا۔ راولا کوٹ پولیس نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کا مبینہ کارندہ گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار ملزم کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی ہے۔ آئی جی کے مطابق یہ شخص حساس فوجی تنصیبات، تعلیمی اداروں اور اہم مقامات کی ریکی کرتا رہا، ویڈیوز بناتا رہا اور یہ تمام معلومات دشمن تک پہنچاتا رہا۔ وہ نہ صرف جاسوسی کر رہا تھا بلکہ فوجی اڈوں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی منظم منصوبہ بندی میں بھی ملوث تھا۔ لیاقت علی ملک نے بتایا کہ پولیس کی دلیرانہ کارروائی سے دشمن کے مذموم عزائم کو بروقت ناکام بنا دیا گیا اور ایک پورا جاسوسی نیٹ ورک بھی بے نقاب ہو گیا ہے۔ ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے را‘ کے ساتھ براہ راست رابطے میں تھا اور ریاست کی سلامتی کو شدید نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا تھا۔ آئی جی پولیس نے واضح پیغام دیا کہ آزاد کشمیر کی مقدس سرزمین پر دشمن کا کوئی بھی ناپاک ہاتھ نہیں پڑنے دیا جائے گا۔ سیکیورٹی ادارے ہر سطح پر چوکس ہیں اور ایسے غدار عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر پولیس خطے کے امن و استحکام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی اور دشمن کے کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ واضح رہے کہ صرف تین روز قبل پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے ایک کامیاب انٹیلی جنس آپریشن میں را‘ کے تین اور جاسوسوں کو گرفتار کیا تھا جن کا تعلق نارووال، بہاولپور اور راولا کوٹ سے تھا۔ یہ کارروائیاں پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی چوکس نگرانی اور پیشہ ورانہ مہارت کی روشن مثال ہیں جو بھارت کی ہر سازش کو خاک میں ملانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔







Discussion about this post