پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نوجوان کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیم کی ذمہ داری بھی اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت انڈر 15 سے انڈر 19 تک کے کھلاڑیوں کو سال بھر کے لیے اکیڈمیز میں رکھا جائے گا، جہاں کرکٹ کی تربیت کے ساتھ ان کے تمام تعلیمی اخراجات بھی پی سی بی برداشت کرے گا۔ ذرائع کے مطابق سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں قائم اکیڈمیز کو بالترتیب انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کرکٹرز کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ ان اکیڈمیز میں داخلہ صرف ریجنل کرکٹ میں نمایاں کارکردگی کی بنیاد پر ہوگا، تاکہ حقیقی ٹیلنٹ کو آگے لایا جا سکے۔ پی سی بی کے اس منصوبے کے تحت نہ صرف کھلاڑیوں کی ٹریننگ کی جائے گی بلکہ ان کے اسکول و کالج داخلے اور تمام تعلیمی اخراجات کی ذمہ داری بھی بورڈ خود ادا کرے گا۔

اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ ابھرتے ہوئے کھلاڑی کھیل اور تعلیم دونوں میں یکساں طور پر آگے بڑھ سکیں۔ نجی چینل کے رپورٹر عتیق الرحمان کے مطابق، کراچی کی اکیڈمی کو خواتین کرکٹرز، شاہینز اور اے ٹیم کی سرگرمیوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ اس طرح مرد و خواتین کھلاڑیوں کے لیے علیحدہ علیحدہ سہولتیں فراہم کر دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ سیالکوٹ اکیڈمی انڈر 15 کرکٹرز کے لیے، فیصل آباد انڈر 17 کے لیے جبکہ ملتان انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے مخصوص ہوگی۔ تینوں اکیڈمیز میں کھلاڑیوں کا انتخاب صرف ریجنل کرکٹ کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ بلاشبہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا، جہاں نوجوان کھلاڑی کھیل کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم بھی حاصل کر سکیں گے۔







Discussion about this post