ایران نے ایک بار پھر دنیا کی توجہ اپنی طرف مبذول کر لی ہے۔ پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں موساد کے ہیڈکوارٹر کو کامیابی سے نشانہ بنا کر شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ادھر تنازع کی فضا میں ایران کے اسرائیل پر مسلسل حملے جاری ہیں۔ تل ابیب اور اس کے گردونواح میں عمارتوں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ ایران نے آبنائے ہرمز اور اپنی فضائی حدود میں امریکی طیاروں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی تیز کر رکھا ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق ایران نے آج اپنی فضائی حدود میں امریکی طیاروں کو مار گرانے کے متعدد دعوے کیے ہیں۔ ان میں ایک تصدیق شدہ واقعہ امریکی F-15E Strike Eagle طیارے کا ہے جسے ایران نے مار گرایا۔ اس طیارے میں سوار دو ارکان عملے میں سے ایک کو محفوظ بازیاب کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران ایران نے دو امریکی فوجی ہیلی کاپٹرز اور ایک ڈرون کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ہیلی کاپٹرز میں موجود تمام اہلکار محفوظ ہیں اور ریسکیو مشن حملوں کے باوجود جاری رکھا گیا ہے۔

ایرانی فوج نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ ایک امریکی A-10 وارتھاگ طیارہ خلیج فارس کے جنوبی حصے میں، آبنائے ہرمز کے قریب مار گرایا گیا۔ ایرانی میڈیا نے ایک دن میں سات امریکی طیاروں یا ان سے منسلک طیاروں کو تباہ یا نقصان پہنچنے کی بات کی ہے۔ ان میں A-15 طیارے کا ایرانی حدود میں مار گرایا جانا، A-10 جیٹ کا خلیج فارس میں تباہی، کویت میں ایک چینوک ہیلی کاپٹر کا ڈرون حملے میں نشانہ بننا، ریسکیو مشن میں شامل دو ہیلی کاپٹرز پر فائرنگ، دوسرے A-10 کا ہٹ ہونے پر ایمرجنسی لینڈنگ، عراق میں ایک F-16 کا ہنگامی اترنا اور اسرائیلی حدود میں KC-135 طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ شامل بتائی گئی ہے۔ ۔ ایک ایرانی ٹی وی چینل نے لاپتہ امریکی پائلٹ کو گرفتار کرنے والوں کے لیے انعام کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینل نے واضح پیغام دیا کہ جو بھی شہری دشمن کے پائلٹ کو زندہ گرفتار کر کے پولیس یا فوجی حکام کے حوالے کرے گا، اسے قیمتی انعام اور بونس دیا جائے گا۔ یہ اعلان گزشتہ روز مار گرائے گئے امریکی F-15E Strike Eagle لڑاکا طیارے کے لاپتہ پائلٹ سے متعلق ہے۔اس طیارے میں دو ارکان عملہ سوار تھے۔ ایک کو امریکی اسپیشل فورسز نے بحفاظت ریسکیو کر لیا ہے، جبکہ دوسرے پائلٹ کی تلاش ابھی جاری ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ جدید ترین فضائی دفاعی نظام کے ذریعے اس واقعے میں دو طیارے، پانچ ڈرون اور دو کروز میزائل بھی تباہ کیے گئے۔ ایرانی چینل پر نشر ہونے والے اعلان میں کہا گیا کہ فوجی دستوں نے کوہگیلوئیہ و بویراحمد صوبے میں لاپتہ امریکی پائلٹ کی تلاش کا آپریشن شروع کر دیا ہے۔

اس پہاڑی اور دیہی علاقے کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر وہ پائلٹ کو دیکھیں یا گرفتار کریں تو فوری طور پر حکام کے حوالے کریں، جس کے بدلے انہیں اچھا انعام دیا جائے گا۔ تلاش کا دائرہ پڑوسی صوبے چاہارمحال و بختیاری تک بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی وی اسکرین پر چلنے والے ٹکرز میں عوام کو ہدایت کی گئی کہ اگر پائلٹ نظر آئے تو گولی مار دیں، جبکہ دوسری جانب ایرانی مسلح افواج نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ پائلٹ کے ساتھ کسی قسم کی بدسلوکی نہ کی جائے۔ عینی شاہدین کے مطابق علاقائی شہری نجی گاڑیوں میں جائے حادثہ کی طرف روانہ ہو گئے ہیں تاکہ پائلٹ کو گرفتار کرنے میں حصہ لے سکیں۔ یہ صورتحال علاقے میں ایک غیر معمولی اور پرجوش ماحول پیدا کر رہی ہے۔







Discussion about this post