پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے ” جیو ٹی وی ” سے نشر ہونے والے ڈراما سیریل ” حادثہ ” کی 8 اقساط کے بعد اب اس پر پابندی لگادی ہے۔ پیمرا کے مطابق یہ پابندی پیمرا ایکٹ کے سیکشن 27 کے تحت فوری طور پر لگائی گئی ہے جبکہ متعلقہ معاملے کو ادارے کی کمیٹی کونسل آف کمپلینٹس کو بھجوادیا گیا ہے۔ پیمرا کا مزید کہنا تھا کہ یہ بندش ڈرامے کے مواد سے متعلق بہت شکایات موصول ہونے پر لگائی گئی ہے۔ اس ڈراما سیریل کا مستقبل کیا ہوگا اس کا فیصلہ کمیٹی کونسل کرے گی۔
— Report PEMRA (@reportpemra) August 30, 2023
یاد رہے کہ ” حادثہ ” کی کہانی 2020 میں لاہور کے قریب موٹروے پر اغوا کے بعد گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کے گرد گھومتی تھی۔ حدیقہ کیانی نے متاثرہ خاتون کا کردار ادا کیا ہے جبکہ اس ڈرامے پر سب سے پہلے نیوز اینکر فریحہ ادریس نے اعتراض اٹھایا تھا۔ ان کا موقف تھا کہ متاثرہ خاتون نے انہیں فون کرکے ڈرامے پر اپنے تحفظات اور خدشات بیان کیے اور وہ اس قدر ذہنی طور پر پریشان تھیں کہ مسلسل روئے چلی جارہی تھیں۔ فریحہ ادریس کے بعد سوشل میڈیا پر بائی کاٹ حادثہ اور بین حادثہ کے ہیش ٹیگز بھی گردش میں آئے۔ بہرحال حدیقہ کیانی اور ڈرامے کے ہدایتکار وجاہت رؤف تواتر کے ساتھ یہی دعویٰ کررہے ہیں کہ ” حادثہ ” کی کہانی موٹر وے واقعے پر مبنی نہیں۔
Discussion about this post