گلوبل نیبرہڈ فار میڈیا انوویشن (جی این ایم آئی) اور دفتر کمشنر کراچی ڈویژن کے اشتراک سے کراچی کی ضلعی انتظامیہ کے افسران کے لیے ایک غیرمعمولی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کمپلیکس میں منعقدہ اس 2 روزہ تربیت میں کراچی کے تمام ساتوں اضلاع سے تعلق رکھنے والے 43 افسران، جن میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز شامل تھے۔ ٹریننگ کا عنوان ” موثر میڈیا ہینڈلنگ اور پبلک آفیشلز کے لیے اسٹریٹجک کمیونیکشن ” تھا۔ جو خاص طور پر بحرانوں، ہنگامی حالات اور تیزی سے بدلتے میڈیا مناظر میں عوام اور میڈیا سے مؤثر رابطے کے فن پر مرکوز تھا۔ ٹریننگ کے دوران افسران کو یہ سکھایا گیا کہ میڈیا سے صرف بات کرنا کافی نہیں، بلکہ درست وقت پر، درست لہجے اور مناسب الفاظ کے ساتھ پیغام پہنچانا ایک فن ہے۔ خاص طور پر جب سوشل میڈیا کا طوفان ہر لمحہ نئی رائے عامہ تخلیق کر رہا ہو، وہاں سرکاری مؤقف کا فوری، مدلل اور مؤثر ہونا نہایت ضروری ہے۔
فیصل عزیز خان، ایک تجربہ کار صحافی اور امریکی مقبول میڈیا ادارے "پلس” کے صدر ہیں،وہ اس پروگرام کے چیف ٹرینر تھے ۔انہوں نے تربیت کے دوران محض معلومات ہی فراہم نہیں کیں، بلکہ شرکا کو ایک وژن دیا کہ ایک پبلک آفیسر ڈیجیٹل عہد میں عوام کے دل تک رسائی حاصل کرنے میں ماہر ہوسکتا ہے۔ چیف ٹرینر فیصل عزیز خان کی گفتگو میں واٹس ایپ گروپس سے لے کر ایکس (ٹوئٹر) تک، فیک نیوز کے طوفانوں سے لڑنے اور سچائی کو مؤثر طریقے سے پیش کرنے کے طریقے شامل تھے۔ چیف ٹرینر فیصل عزیز خان نے افسران کو مصنوعی ذہانت اے آئی کی مدد سے مؤثر، مستند اور بروقت پیغام رسانی کے لیے جدید ٹولز کا عملی استعمال بھی سکھایا۔
اس موقع پر شرکا کا کہنا تھا کہ اس تربیت نے ان سرکاری افسران کے کردار کو ایک نئی جہت دی جہاں وہ صرف پالیسی نافذ کرنے والے نہیں بلکہ بحرانوں کے دوران عوامی اعتماد قائم کرنے والے مؤثر ترجمان بھی بن سکیں گے۔ پروگرام کا دوسرا اہم پہلو سید مسعود رضا کی میزبانی میں منعقد ہونے والا سیشن تھا ۔ جی این ایم آئی کے جنرل سیکریٹری اور پروگرام ہوسٹ سید مسعود رضا نے میڈیا پر اعتماد کے ساتھ پیش ہونے، کیمرے کے سامنے باڈی لینگویج، آواز، لہجے اور پروفیشنل لُک کے اہم نکات سے شرکا کو آگاہ کیا۔ لائیو انٹرویوز، پریس کانفرنسز اور دیگر میڈیا فارمیٹس سے بہتر طور پر نمٹنے کے لیے انہوں نے پریس کانفرنس کی ڈرلز اور ریئل ٹائم میسج ڈیویلپمنٹ کی مشقوں کے ذریعے شرکا کی تربیت کی۔
جی این ایم آئی کے ڈائریکٹر پروگرامز حسنین رضا نے ابتدائی کلمات میں اس بات پر زور دیا کہ 9 جنوری 2025 کو کمشنر آفس کے ساتھ منعقدہ مشترکہ نیڈ اسسمنٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ سرکاری افسران کو بحرانوں کے دوران مؤثر ابلاغ کی مہارتوں کی اشد ضرورت ہے۔
تربیتی سلسلے کا اختتام ایک پروقار تقسیم اسناد کی تقریب پر ہوا، جو کمشنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شرکا کو مبارکباد دی اور کہا آج کے انفارمیشن ایج میں سرکاری افسران کے لیے واضح، فوری اور معتبر انداز میں عوام سے رابطہ قائم کرنے کی صلاحیت نہایت اہم ہے۔ گلوبل نیبر ہُڈ فار میڈیا انوویشن نے اس خلاء کو پُر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
بیوروکریسی کے حلقوں میں اس تربیتی اقدام کو سول سروس کی پیشہ ورانہ ترقی کی طرف ایک قابلِ تقلید قدم قرار دیا گیا۔ گلوبل نیبرہڈ فار میڈیا انوویشن (جی این ایم آئی) کا یہ پروگرام اس بات کا مظہر ہے کہ جب ریاست، میڈیا اور ٹیکنالوجی ہم آہنگ ہوں، تو نا صرف اطلاعات کی منتقلی بہتر ہوتی ہے بلکہ عوام اور حکومت کے درمیان بھروسے کا پل بھی مضبوط ہوتا ہے۔
Discussion about this post