وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی آمد کے باعث سیکیورٹی کے نہایت سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکام نے ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بھی بند رہے گا، جبکہ سری نگر ہائی وے پر مختلف اوقات میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو سکتی ہے۔ شہر میں داخل ہونے والی تمام ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان دنوں اسلام آباد کا رخ نہ کریں۔ٹریفک پولیس نے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے:
- جی-5، جی-6، جی-7، ایف-6 اور ایف-7 کے رہائشی مارگلہ روڈ کے ذریعے 9th ایونیو استعمال کریں۔
- فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی گاڑیوں کو 9th ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
- زیرو پوائنٹ سے کورال چوک بند ہونے کی صورت میں شہری سری نگر ہائی وے سے 9th ایونیو، اسٹیڈیم روڈ، مری روڈ، چاندنی چوک اور راول روڈ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔
- بھارہ کہو اور راولپنڈی کے درمیان سفر کرنے والوں کے لیے کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ بہترین متبادل ہیں۔
- راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے جانے والے افراد کرنل شیر خان روڈ، فقیر ایپی روڈ یا 9th ایونیو استعمال کریں۔

مزید برآں، راولپنڈی-اسلام آباد میٹرو بس سمیت تمام پبلک ٹرانسپورٹ اور ہیوی ٹریفک عارضی طور پر بند رہے گی۔ جی ٹی روڈ پر پشاور اور لاہور کی طرف جانے والی ہیوی گاڑیوں کو ٹیکسلا، چکری انٹرچینج اور موٹروے کے راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین ٹریفک اپ ڈیٹس کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ایف ایم 92.4 کو مسلسل سنتے رہیں۔ یہ عارضی پابندیاں قومی سطح کے اہم پروگراموں کی کامیابی اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔







Discussion about this post