فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا ہے کہ ایک مضبوط، پیشہ ور اور عوام دوست پولیس فورس ملک میں داخلی سلامتی کے استحکام اور قانون کی بالادستی کے لیے ناگزیر حیثیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس شہریوں کے تحفظ کی پہلی صف میں کھڑی ہوتی ہے اور امن و امان کے قیام میں اس کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس سروس آف پاکستان کے افسران سے ملاقات کی اور پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر مملکت برائے داخلہ بھی موجود تھے۔

نیشنل پولیس اکیڈمی آمد پر کمانڈنٹ این پی اے نے فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ ایک چاق و چوبند پولیس دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، جو پولیس فورس کے وقار اور نظم و ضبط کی بھرپور عکاسی کر رہا تھا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل نے پولیس شہداء کی یادگار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے امن و امان کے قیام، قانون کی بالادستی اور عوام کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشت گردی، جرائم اور داخلی سلامتی کے پیچیدہ چیلنجز کے مقابلے میں پولیس اہلکاروں کی بے مثال قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو پولیس کی جدید تربیتی سرگرمیوں، استعداد کار میں اضافے اور اصلاحاتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی، جس میں اسکول فار ہائی امپیکٹ ایلیٹ لا انفورسمنٹ ڈیولپمنٹ (SHIELD) کے تحت جاری خصوصی پروگرامز بھی شامل تھے، جو پولیس فورس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ترتیب دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کیڈٹ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس سے بھی ملاقات کی اور ان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے ادارہ جاتی تعاون، جدید پولیسنگ طریقۂ کار اپنانے اور عوامی اعتماد کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ امن و امان کا قیام ایک مقدس ذمہ داری ہے اور اس قومی فریضے کی انجام دہی میں مسلح افواج پاکستان بہادر پولیس اہلکاروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک مضبوط اور عوام دوست پولیس فورس ہی پائیدار امن اور مستحکم ریاست کی ضمانت بن سکتی ہے۔ بیان کے مطابق سینئر پولیس قیادت نے پولیسنگ کے معیار کو مزید بلند کرنے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور موجودہ و آئندہ سلامتی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ضروری ادارہ جاتی اصلاحات کے عزم کا اعادہ کیا۔






Discussion about this post