وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے آسان خدمت سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جسے عوامی سہولت کے نظام میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ لمحہ شکر کا ہے کہ ملک میں پہلی مرتبہ ایسا مرکز قائم ہوا ہے جہاں شہریوں کو ایک ہی چھت تلے مختلف سرکاری اداروں کی خدمات دستیاب ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ آسان خدمت سینٹر میں نادرا، دفتر خارجہ، پولیس، ایف بی آر، سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر آفس، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، سوئی ناردرن سمیت ساٹھ سے زائد عوامی خدمات فراہم کی جائیں گی، جس سے لوگوں کو دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے گی اور وقت و وسائل کی بچت ممکن ہو سکے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ اسلام آباد کے بعد مظفرآباد اور گلگت بلتستان میں بھی آسان خدمت سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مراکز نہ صرف عوام کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے بلکہ سرکاری امور میں شفافیت، رفتار اور مؤثر نظام کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے اس منصوبے میں تعاون پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ انہوں نے اپنے دورۂ باکو کے دوران اسی طرز کا ایک کامیاب خدمت مرکز دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آسان خدمت سینٹر کے عملے کو آذربائیجان کے ماسٹر ٹرینرز نے تربیت فراہم کی ہے تاکہ عوام کو معیاری اور خوش اسلوبی سے خدمات دی جا سکیں۔ افتتاح کے موقع پر وزیراعظم نے آذربائیجان کے اشتراک سے قائم پاکستان آسان خدمت سینٹر کا تفصیلی جائزہ بھی لیا اور ہدایت کی کہ ماسٹر ٹرینرز عوامی خدمات کی فراہمی میں بھرپور سہولت اور تعاون کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی جلد ایسے مراکز قائم کیے جائیں گے، تاکہ پورے ملک میں یکساں اور جدید عوامی سہولتوں کا نظام متعارف کرایا جا سکے۔






Discussion about this post