پاکستان نیوی نے شمالی بحیرۂ عرب میں اپنی جدید بحری صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشق بدلتی ہوئی بحری جنگی حکمتِ عملی کے تقاضوں کے مطابق منعقد کی گئی، جس میں روایتی اور بغیر پائلٹ نظاموں کی صلاحیتوں کو بھی جانچا گیا۔ مشق کے دوران پاکستان نیوی نے جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے عمودی لانچنگ سسٹم سے ایل وائی–80 (این) زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کو کامیابی سے فائر کیا۔ میزائل نے طویل فاصلے سے فضائی ہدف کو درست نشانہ بنا کر تباہ کیا، جس سے پاکستان نیوی کے جدید طویل فاصلے تک مؤثر فضائی دفاعی نظام کی تصدیق ہوئی۔ اسی مشق میں جدید لوئٹرنگ میونیشن کے ذریعے سطحِ آب کے اہداف کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس سے پاکستان نیوی کی پریسیژن اسٹرائیک صلاحیتوں کا واضح ثبوت سامنے آیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بغیر پائلٹ سطحی بحری جہاز (USV) کے کھلے سمندر میں تجربات بھی کیے گئے، جن میں تیز رفتار کارکردگی، درست نیویگیشن، سخت موسمی حالات میں مؤثر صلاحیت اور اسٹیلٹھ ٹیکٹیکل انٹرسیپٹر کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔ مشق کا مشاہدہ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کیا، اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، نشانِ امتیاز (ملٹری)، نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عملی قابلیت کو سراہا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نیوی ہر صورت میں ملکی بحری دفاع اور قومی سمندری مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے گی، اور یہ جدید نظام ملک کے دفاع میں ایک اہم کردار ادا کریں گے۔







Discussion about this post