خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر ہونے والا خودکش حملہ فورسز کی بروقت اور دلیرانہ کارروائی کے باعث ایک بڑی تباہی میں بدلنے سے بچ گیا۔ تینوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایف سی کے تین بہادر اہلکار شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے۔ پہلے حملہ آور نے ہیڈکوارٹر کے مرکزی گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کی آواز سے شہر لرز اٹھا، مگر فورسز نے لمحوں میں صورتحال پر قابو پاتے ہوئے باقی دو دہشت گردوں کو اندر داخل ہونے سے پہلے ہی موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس جرات مندانہ کارروائی کے دوران دو اہلکار زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس، ایلیٹ فورس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بڑی تعداد میں جائے وقوع پر پہنچیں۔ چھ ایمبولینسز، فائر وہیکل، ڈیزاسٹر وہیکل اور پچاس سے زائد اہلکاروں نے چند منٹوں میں علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کام شروع کردیا۔ طبی ذرائع کے مطابق نو زخمیوں کو ایل آر ایچ منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے اور اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ خودکش دھماکا ٹھیک 8 بج کر 11 منٹ پر اس وقت ہوا جب ہیڈکوارٹر میں پریڈ جاری تھی اور ساڑھے چار سو اہلکار موجود تھے۔ سکیورٹی کی بلند سطح اور مضبوط بیریئرز کی وجہ سے پہلا حملہ آور اندر داخل نہ ہوسکا۔ اس کے ساتھیوں کو بھی گیٹ پر شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جہاں ایف سی کے اہلکاروں نے انتہائی بہادری سے انہیں وہیں ختم کردیا۔ تحقیقات کے مطابق تینوں حملہ آور پیدل ہی آئے تھے اور سب نے خودکش جیکٹس پہن رکھی تھیں، جبکہ ان کا اصل ہدف پریڈ میں شریک جوان تھے۔

دھماکے کے بعد شہر کے حساس علاقوں، خصوصاً کینٹ روڈ اور ملحقہ راستوں کو فوری طور پر عام آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا۔ سی سی پی او پشاور میاں سعید خود موقع پر پہنچے اور آپریشن کی نگرانی کی، جبکہ انتظامیہ نے سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے بی آر ٹی سروس بھی معطل کردی۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ صدر نے اسے بیرونی پشت پناہی رکھنے والے خارجی دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے فورسز کی بہادری کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی فوری مداخلت نے بڑے پیمانے پر جانی نقصان سے بچایا، جبکہ وزیر داخلہ نے حملہ ناکام بنانے پر ایف سی جوانوں کی جرأت کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یہ حملہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ دشمن کتنی بھی سازشیں کر لے، پاکستان کے بہادر سپاہی اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر وطن کا دفاع کرنے کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔







Discussion about this post