سندھ رینجرز نے کراچی میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کنواری کالونی، منگھوپیر روڈ پر کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان رینجرز (سندھ) کے مطابق گرفتار ملزمان میں زید ، نور زادہ اور عثمان شامل ہیں، جو خارجی تنظیم کے امیر شمس القیوم عرف زاویل کے قریبی ساتھی بتائے جاتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق دورانِ تفتیش ان دہشت گردوں نے انکشاف کیا کہ وہ علاقے کے رہائشیوں کے فون نمبرز شمس القیوم عرف زاویل عرف زعفران کو فراہم کرتے تھے، جو بعد ازاں انہی نمبروں پر بھتہ وصولی کے لیے کالز کرتا تھا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان منشیات فروشوں سے بھتہ خوری اور لینڈ گریبنگ جیسے جرائم میں بھی ملوث رہے ہیں۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نور زادہ کا بھائی خان زادہ عرف حنظلہ اور ملزم عثمان کا بھائی عمر خطاب بھی فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب دہشت گرد تھے، جو پہلے مختلف کارروائیوں میں مارے جا چکے ہیں۔گرفتار دہشت گرد زید عرف زیدو کو تھانہ ایکسائز کورنگی اور اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) بھی متعدد مقدمات میں مطلوب قرار دے چکی تھی۔ رینجرز نے تینوں ملزمان کو مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ یہ کارروائی رینجرز کی جانب سے کراچی میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے جاری مہم کا حصہ قرار دی جا رہی ہے۔







Discussion about this post