پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کے پاس موقع ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف آج سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں شرکت کے دوران بھارتی بلے باز روہت شرما کا ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیں۔ روہت شرما 159 میچوں میں 4231 رنز بنا کر ٹی20 تاریخ میں سرفہرست ہیں، جبکہ بابر اعظم 128 میچوں میں 4223 رنز کے ساتھ صرف نو رنز دور ہیں۔ پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے بابر اعظم کے علاوہ نسیم شاہ اور عثمان خان کو بھی اسکواڈ میں واپس شامل کیا ہے۔

تین میچوں کی یہ سیریز منگل سے راولپنڈی میں شروع ہوگی جبکہ دوسرے اور تیسرے میچ 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پاکستان کے وائٹ بال کوچ مائیک ہیسن نے بابر اعظم کے کم اسٹرائیک ریٹ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ بابر اعظم کا اسٹرائیک ریٹ 129 ہے جب کہ روہت شرما کا اوسطاً اسٹرائیک ریٹ 141 کے قریب رہا ہے۔ ہیسن کے مطابق فخر زمان کی عدم موجودگی کے باعث بابر اعظم کو بیٹنگ آرڈر میں تیسرے نمبر پر کھلایا جانا متوقع ہے۔ اس نمبر پر بابر اعظم اب تک 35 ٹی20 میچوں میں 44.84 کی اوسط سے 1166 رنز بنا چکے ہیں۔ پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے سیریز کے حوالے سے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم بھرپور کارکردگی دکھائے گی۔ ان کے مطابق کچھ سینئر کھلاڑیوں کی واپسی اور نئے چہروں کی شمولیت توازن پیدا کرے گی اور ورلڈ کپ سے قبل اسکواڈ کو مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان اب تک کھیلے گئے 24 ٹی20 میچوں میں دونوں ٹیموں نے 12،12 کامیابیاں حاصل کی ہیں۔








Discussion about this post