نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) ڈکی بھائی کے خلاف باقاعدہ چالان عدالت میں جمع کرا چکی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ڈکی بھائی 20 اگست سے تفتیشی ادارے کی تحویل میں ہیں، جب کہ ان کی بیوی عروب جتوئی ضمانت پر ہونے کے باوجود اب عدالت کے حکم پر نومبر کے اوائل میں پیش ہوں گی۔جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور نے سماعت کے دوران نہ صرف انہیں طلب کیا بلکہ دیگر نامزد ملزمان کو بھی نوٹسز جاری کر دیے گئے۔اسی کیس میں گزشتہ ہفتے این سی سی آئی اے نے جو چالان جمع کرایا، اس میں ڈکی بھائی، ان کی اہلیہ عروب جتوئی اور ان کے منیجر سبحان کو مرکزی کردار قرار دیا گیا ہے جبکہ یوٹیوبر اقرا کنول کے شوہر کو مفرور ملزم لکھا گیا ہے۔چالان میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جسمانی ریمانڈ کے دوران ڈکی بھائی نے آن لائن جوئے کی ترویج میں اپنے کردار کا اعتراف کیا۔مزید بتایا گیا کہ ملزمان نے اس غیر قانونی تشہیری مہم کے عوض کروڑوں روپے کمائے اور تفتیش کے دوران ڈکی بھائی کے دو بینک اکاؤنٹس سے 21 کروڑ روپے کی موجودگی کا سراغ بھی ملا۔چالان کے مطابق عروب جتوئی بھی شوہر کے ساتھ اسی غیر قانونی مہم میں شریکِ عمل تھیں۔اس تمام پس منظر میں قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے کے لگائے گئے الزامات اگر ثابت ہو گئے تو ڈکی بھائی کو سات سال تک قید اور ایک کروڑ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔عدالت نے اب سماعت 3 نومبر 2025 تک ملتوی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آئندہ کارروائی ملزمان کی باقاعدہ پیشی کے بعد ہی آگے بڑھے گی۔







Discussion about this post