لاہور کی سیشن کورٹ نے سابق صدر مملکت عارف علوی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر تحریری فیصلہ سنا دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج شفقت شہباز راجا نے فیصلے میں قرار دیا کہ اگر کسی قسم کا غیر قانونی اقدام ہوا ہے تو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) قانون کے مطابق کارروائی کرے۔ عدالت نے ایف آئی اے کو معاملے پر ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ یہ درخواست شہری شہزادہ عدنان کی جانب سے ان کے وکیل مدثر چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی تھی۔ درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ سابق صدر نے بیرون ملک ایک تقریر کے دوران توہین آمیز الفاظ استعمال کیے، جس پر ایف آئی اے کو مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی مگر کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی گئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عارف علوی کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست گزار شہزادہ عدنان کا کہنا تھا کہ سابق صدر کی جانب سے گستاخانہ الفاظ کے استعمال کی ویڈیو یوٹیوب پر بھی موجود ہے، تاہم پولیس کو درخواست دینے کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔







Discussion about this post