اسلام آباد اور ریاض کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے بعد خطے میں ایک نئی تاریخ رقم ہوگئی۔ سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے اپنے بیانات میں اس معاہدے کی روح کو ایک ہی لہجے میں اجاگر کیا۔ سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر وزیراعظم شہباز شریف اور ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تاریخی الفاظ لکھے:
"سعودیہ اور پاکستان جارح کے مقابل ایک ہی صف میں… ہمیشہ اور ابد تک”۔
یہ پیغام انہوں نے تین زبانوں, اردو، انگریزی اور عربی میں دنیا کے سامنے رکھا۔
سعودیہ اور پاکستان۔۔
جارح کے مقابل ایک ہی صف میں۔۔
ہمیشہ اور ابد تک۔🇵🇰🇸🇦 https://t.co/3oBMFEU1G5— Khalid bin Salman خالد بن سلمان (@kbsalsaud) September 17, 2025
پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے سعودی ہم منصب کے اس پیغام پر بھرپور ردعمل دیتے ہوئے لکھا:
"پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کی تاریخ کا ایک اہم موڑ ہے۔ دو برادر ملک دشمن کے سامنے صف آرا اور شانہ بشانہ… رب العزت کے سائے میں ساری امت متحد ہوگی۔ پاکستان زندہ باد، مسلم امہ پائندہ باد۔”
پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کی تاریخ ایک اہم موڑ۔ دو برادر ملک دشمن کے سامنے صف آرا اور شانہ بہ شانہ ۔ رب العزت کے سائے میں مشترک دشمن کے مقابل انشاء اللہ ساری امت متحد ھوگی۔ پاکستان زندہ باد مسلم امہ پائندہ باد https://t.co/1kQxh4KWDk
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) September 18, 2025
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ریاض میں اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہوگا تو اسے دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ یہ دفاعی معاہدہ نہ صرف دونوں ملکوں کے باہمی اعتماد اور برادرانہ رشتے کی مضبوطی کا ثبوت ہے بلکہ خطے اور عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی ایک نیا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔







Discussion about this post