محکمہ موسمیات نے پنجاب میں آج سے 5 جون تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے، جب کہ پی ڈی ایم اے نے تیز آندھی، گرج چمک اور ممکنہ ژالہ باری کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 1 سے 5 جون کے دوران لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، میانوالی، اٹک، جہلم اور چکوال سمیت کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور چترال میں بھی موسلا دھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمانہ رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے شمالی علاقوں بشمول دیر، سوات، مالاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد — میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع میں تیز آندھی اور بارش متوقع ہے۔” دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں جزوی کمی واقع ہوئی ہے، اور شہریوں نے قدرے سکون کا سانس لیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ممکنہ موسمیاتی خطرات کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جب کہ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتِ حال کے لیے تیار رہنے کی تاکید کی ہے۔
Discussion about this post