نوبل انعام یافتہ اور عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل، ہوش مندی اور امن کے فروغ کی پرزور اپیل کی ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں ملالہ نے کہا کہ نفرت اور تشدد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں۔ پاکستان اور بھارت کو چاہیئے کہ وہ اس بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فوری، سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کریں۔ ملالہ نے عالمی برادری کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا سفارتکاری، مکالمے اور افہام و تفہیم کے ذریعے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امن ہی ہماری اجتماعی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے۔ ملالہ کے یہ الفاظ ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب بھارتی فوج نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد، باغ اور پنجاب کے شہروں مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں بلااشتعال فائرنگ اور بمباری سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ جواباً پاکستان نے جارحیت کا جرأت مندانہ اور مؤثر دفاعی ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے تین رافیل طیارے، ایک مگ-29، ایک ایس یو-30 جنگی طیارہ اور ایک کومبیٹ ڈرون کو کامیابی سے مار گرایا، جس سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
Discussion about this post