لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں غنی مینشن کے مکینوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، بلال مسجد پشاوری ہوٹل کے ساتھ واقع چھ منزلہ رہائشی عمارت کی بالائی منزلیں زمین بوس ہو گئیں، ماں اور خالہ کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئیں، جبکہ ان کی تین بیٹیاں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دی گئیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب عمارت کی چھٹی منزل پانچویں پر آن گری۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق جاں بحق خواتین میں 45 سالہ حرمت رفیق کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ دوسری خاتون کی شناخت جاری ہے۔ زخمیوں میں 40 سالہ سکینہ، 18 سالہ حاجرہ اور 22 سالہ جویریہ شامل ہیں—تینوں زخمی خواتین جاں بحق خواتین کی بیٹیاں ہیں۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے، پولیس اور علاقہ مکین حرکت میں آ گئے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر ریسکیو آپریشن جاری رکھا گیا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے تصدیق کی کہ جاں بحق خواتین بہنیں تھیں اور زخمیوں میں ان کی بچیاں شامل ہیں جنہیں سول اسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب، واقعے پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈی جی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر بلدیات نے عمارت کے تمام تعمیراتی پہلوؤں کی جانچ اور غفلت کے ذمہ داروں کے تعین کی ہدایت دی ہے۔







Discussion about this post