پاکستان کے دلکش پہاڑی علاقے گلیات میں عالمی شہرت یافتہ ہوٹل کمپنی ہلٹن نے اپنی موجودگی درج کرا دی ہے۔ نتھیاگلی کے حسین مناظر کے درمیان قائم ڈبل ٹری بائی ہلٹن کا افتتاح ملک کی مہمان نوازی کی صنعت میں ایک تاریخی اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ہلٹن، جس کے لگژری ہوٹلز دنیا کے درجنوں ممالک میں اپنی شان کے ساتھ موجود ہیں، اب پاکستان کے ان پہاڑوں میں ایک ایسا تجربہ لے کر آیا ہے جہاں قدرت کی خوبصورتی اور جدید آسائشیں ایک ساتھ ملتی ہیں۔ یہ ہوٹل دی بیرن پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی ملکیت اور انتظام میں ہے۔اسلام آباد سے صرف 85 کلومیٹر دور یہ نیا ہوٹل نتھیاگلی کے دلکش ماحول میں واقع ہے اور لالازار پارک سے چند قدم کے فاصلے پر اپنی انفرادیت کے ساتھ کھڑا ہے۔

یہاں سے مہمان نہ صرف پرتعیش قیام سے لطف اندوز ہو سکیں گے بلکہ علاقے کے مشہور قدرتی اور ثقافتی مقامات , مشکپوری ٹاپ، میرنجانی پیک، ایوبیہ نیشنل پارک، ڈونگا گلی پائپ لائن ٹریک اور تاریخی سینٹ میتھیو چرچ تک بھی آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے۔ 110 کشادہ کمرے اور 14 سوئٹس اس ہوٹل کا خاصہ ہیں جن کی بالکونیوں سے مشکپوری اور میرنجانی پہاڑوں کے دل موہ لینے والے نظارے براہِ راست دکھائی دیتے ہیں۔ مختلف ڈائننگ آپشنز مہمانوں کو شاندار پہاڑی مناظر کے ساتھ ایک منفرد ذائقہ پیش کریں گے۔ ڈبل ٹری بائی ہلٹن نتھیاگلی بہت جلد اپنی پہچان مزید منفرد بنانے جا رہا ہے۔ یہاں پاکستان کا پہلا ماؤنٹین پیڈل کورٹ، ایک خصوصی لاؤنج جس میں نجی سینما، بچوں کا زون اور بیوٹی سیلون جیسی سہولیات شامل ہوں گی، متعارف کروایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک آن سائٹ ہیلی پیڈ بھی تیار ہے جو پہاڑوں کے درمیان آمدورفت کو سہل اور شاندار بنائے گا۔ یہ نیا منصوبہ صرف ایک ہوٹل نہیں بلکہ پاکستان کی سیاحتی صنعت کے نئے دور کا آغاز ہے۔ عالمی برانڈ کی یہ شمولیت ملک کی معیشت، سیاحت اور عالمی سطح پر پاکستان کی مثبت تصویر کو مزید روشن کرے گی۔








Discussion about this post