پاکستان کے چار بڑے ایئرپورٹس، کراچی، لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ پر فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے اس حوالے سے نوٹس ٹو ایئرمین جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق مذکورہ ایئرپورٹس جمعرات کی شام تک پروازوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان سیف اللہ خان کے مطابق فضائی آپریشن کی معطلی کا فیصلہ ملکی فضائی حدود کی عارضی بندش کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ ترجمان نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ پروازوں کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہ سکیں۔ پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث بعض فضائی راستوں کو حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر بند کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں قومی ایئرلائن کی کچھ پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ مسافروں اور ایئرلائن کے اثاثوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے مزید بتایا کہ متاثرہ پروازوں کے مسافروں کو ان کے رجسٹرڈ فون نمبرز پر آگاہ کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈائیورٹ کی جانے والی پروازوں کے مسافروں کی دیکھ بھال کے لیے قیام و طعام کا مکمل بندوبست کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے ایک نوٹم کے ذریعے ملک بھر میں زیادہ تر فضائی راستوں کی بحالی کا اعلان کیا تھا، تاہم بعض مخصوص روٹس کو مزید 24 گھنٹے کے لیے بند رکھا گیا ہے۔
Discussion about this post