خیبر پختونخوا کی پہاڑی وادیوں میں ایک بار پھر پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف اپنی بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ خیبر ضلع کے باڑہ علاقے اور ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بنیاد پر کی گئی دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تیرہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ باڑہ میں جب سیکیورٹی فورسز کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملی تو انہوں نے تیز رفتار اور مؤثر آپریشن شروع کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دس دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے۔ اسی طرح بنوں میں ایک اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران تین مزید خوارجی دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچا دیا گیا۔ یہ کارروائیاں پاکستان کی اس عزم کی زندہ دلیل ہیں کہ ملک کی سرزمین پر غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشتگردی کو جڑ سے ختم کر کے رکھ دیا جائے گا۔ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز دن رات بلا تعطل کام کر رہی ہیں تاکہ ہر اس عنصر کو نیست و نابود کیا جا سکے جو قوم کی امن و امان کو چیلنج کرنے کی جسارت کرے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہیں اور ملک کی حفاظت کے لیے ان کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کا انجام ہمیشہ عبرتناک موت ہی ہوگا اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو بھی کوئی معافی نہیں ملے گی۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ایک بار پھر ثابت کر چکی ہیں کہ جب بات وطن کی حفاظت کی ہو تو وہ کوئی بھی چیلنج قبول کرنے سے پیچھے نہیں ہٹتیں۔ یہ کامیابیاں نہ صرف دہشتگردوں کے لیے وارننگ ہیں بلکہ پوری قوم کے لیے فخر کا باعث بھی ہیں۔







Discussion about this post