بلوچستان کے ضلع پشین میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے ایک شاندار انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کر کے دشمن کے خواب چکناچور کر دیے۔ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں سے چار کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ ایک خودکش بمبار نے بزدلانہ طور پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ یہ کارروائی اس وقت ہوئی جب خفیہ اطلاعات نے ان ملک دشمن عناصر کی موجودگی کی تصدیق کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ہمارے بہادر جوانوں نے پورے گروہ کو مختلف ہتھیاروں سے گھیر لیا اور ان کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔ آپریشن کے نتیجے میں دہشت گردوں کے پاس سے اسلحہ کا بڑا ذخیرہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، جو ان کی علاقے میں متعدد شیطانی سازشوں کی گواہی دیتا ہے۔ ہلاک ہونے والے یہ خوارج علاقے کے امن کے دشمن تھے، جنہوں نے معصوموں کو نشانہ بنانے کی متعدد وارداتیں کی تھیں۔ اب علاقے کو مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیابی وژن "عزم استحکام” کے تحت جاری انسداد دہشت گردی کی مہم کا ایک روشن باب ہے، جو پوری قوم کی یکجہتی اور عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس بہادرانہ کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے خلاف یہ آپریشن قومی عزم کی زندہ مثال ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک یہ جنگ جاری رہے گی، کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سلام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بہادر سپوتوں نے بروقت اور بہترین کارروائی سے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے یہ کارروائیاں نہ صرف لائق تحسین ہیں بلکہ ملک کی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں۔







Discussion about this post