وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا کہ بجلی کے ٹیرف میں 4 روپے 4 پیسے کمی کر دی گئی ہے۔ یہ اعلان انہوں نے اسلام آباد میں ملک کے نمایاں برآمد کنندگان اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں خطاب کے دوران کیا۔ شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے ویلنگ چارجز میں 9 روپے کی کمی کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ ایکسپورٹرز کے لیے ٹیکس کی شرح ساڑھے 7 فیصد سے کم کر کے ساڑھے 4 فیصد کر دی گئی ہے، تاکہ ملکی برآمدات کو فروغ ملے اور معیشت مستحکم ہو۔ تقریب میں ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرنے والے برآمد کنندگان کو ایوارڈز بھی دیے گئے۔ وزیرِ اعظم نے خطاب میں کہا کہ برآمد کنندگان کی تعریف کے لیے الفاظ کم ہیں، عظیم کاروباری شخصیات نے شبانہ روز محنت کر کے ملک کا نام روشن کیا اور مشکل حالات میں بہترین کام انجام دیا۔انہوں نے بتایا کہ 2025ء میں برآمدات میں غیر معمولی اضافہ ہوا اور برآمد کنندگان کی غیر متزلزل محنت سے ملک میں اربوں ڈالرز آئے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کچھ افراد نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تکنیکی طور پر ڈیفالٹ ہو چکا ہے، مگر حکومت نے مشکل حالات میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ بہتر معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی زرِمبادلہ دوگنا ہو چکا ہے اور مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے دوست ممالک سے بھرپور تعاون حاصل کیا، فیلڈ مارشل کے ساتھ مختلف عالمی قیادت سے ملاقاتیں کیں اور مشکل فیصلوں کے شاندار نتائج سامنے آئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت بزنس نہیں کرتی، بلکہ پرائیویٹ سیکٹر کاروبار کرے گا، اور تمام وزراء انتھک محنت سے ملکی ترقی کے لیے راہیں ہموار کر رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے آخر میں کہا کہ سیاسی اور عسکری تعاون سے ترقی کے تمام راستے کھل رہے ہیں، اور ملک نے مشکل ترین حالات میں اپنے قدم مضبوطی سے جمایا ہے۔






Discussion about this post