کراچی کے اسکولوں کے لئے منعقد کئے جانے والے سالانہ اور مقبول خطابت کے مقابلے کا شاندار فائنل تاریخی قائداعظم ہاؤس میوزیم میں منعقد ہوا۔ اس مقابلے کا اہتمام بورڈ آف مینجمنٹ جناح سوسائٹی اور کراچی کونسل برائے خارجہ امور کی جانب سے کیا گیا تھا۔اس مقابلے میں 34 اسکولوں نے حصہ لیا اور دو روزہ سخت مرحلہ وار مقابلوں کے بعد اکبر مرچنٹ اور سارہ دانیال پر مشتمل ججوں کے دو رکنی پینل نے 10اسکولوں کو فائنل کے لیے منتخب کیا۔ فائنل تک پہنچنے والے اسکولوں میں سٹی انٹرمیڈیٹ کالج‘ ڈی ایچ اے سی ایس ایس فیز ایٹ، ماما پارسی اسکول، حبیب گرلز اسکول‘ آغا خان اسکول مارننگ، گریس فل گرامر ہائیرسیکنڈری اسکول کیمپس ون ، نیو ڈے اسکول، ایڈا ریو بلائینڈ اینڈ ڈیف اسکول، بی وی ایس پارسی اسکول اور المرتضیٰ اسکول شامل تھے۔ ان مقابلوں کے فائنل کے لئے جیوری میں صحافی غازی صلاح الدین، آئی وی ایس کی بانی نورجہاں بلگرامی اور جناح فاؤنڈیشن کی بانی نسیم مرچنٹ شامل تھیں۔ پہلے نمبر پر سیدہ فاطمہ زہرہ ماما پارسی اسکول، دوسرے نمبر پر راوین عابد آغا خان اسکول مارننگ جبکہ تیسرے نمبر پر توصیف احمد ایڈا ریو بلائینڈ اینڈ ڈیف اسکول فاتح قرار پائے جنہیں شاندار انعامات اور ایک ٹرافی دی گئی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان مقابلوں کا تصور دراصل جناح سوسائٹی نے پیش کیا تھا اور گزشتہ دو دہائیوں سے یہ مقابلے کامیابی کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے۔ جب قائداعظم ہاؤس میوزیم صوبائی حکومت کے تحت آیا تو اس کی ملکیت اور انتظام سندھ حکومت کو منتقل ہو گیا۔ چار سال قبل وزیرِاعلیٰ سید مراد علی شاہ اور اُس وقت کے کور کمانڈر ہمایوں عزیز نے اس کے لیے بورڈ آف مینجمنٹ تشکیل دیا جس کے بعد سندھ حکومت، جناح سوسائٹی اور کراچی کونسل برائے خارجہ امور کے درمیان سہ فریقی یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے گئے۔

بورڈ آف مینجمنٹ 18 اراکین پر مشتمل ہے جن میں جناح سوسائٹی، کراچی کونسل برائے خارجہ امور، مخیر حضرات، معزز شہری اور سندھ حکومت کے نمائندے شامل ہیں۔ بورڈ آف مینجمنٹ کے تین مرکزی عہدیداروں میں لیاقت ایچ مرچنٹ بطور سینئر نائب چیئرمین اکرام سہگل بطور نائب چیئرمین اور کموڈور (ریٹائرڈ) سدید ملک بطور سیکریٹری جنرل شامل ہیں۔ چیئرمین اور شریک چیئرمین کے عہدے سرکاری حیثیت کے حامل ہیں جو بالترتیب وزیرِاعلیٰ اور چیف سیکریٹری سندھ کے پاس ہوتے ہیں۔ جناح سوسائٹی، کراچی کونسل برائے خارجہ امور اور بورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم ہاؤس میوزیم کے قیام کا مقصد قائدِاعظم محمد علی جناح کے وژن، اصولوں اور نظریات کو قوم کی تعمیر کے عمل کے طور پر فروغ دینا ہے۔






Discussion about this post