شہر قائد کراچی میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے، اور ماہرین نے شہریوں کو سخت سردی کے لیے تیار رہنے کی وارننگ دی ہے۔ کراچی اور دیہی سندھ کے دیگر شہروں میں سردی کی موجودہ لہر بدستور جاری ہے، اور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت دوسرے روز بھی سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ کراچی کے چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری کے مطابق موجودہ سردی کی لہر منگل تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ امیر حیدر لغاری نے وضاحت کی کہ سردی کی شدت میں اضافہ حالیہ مغربی بارشوں کے نظام کے زیر اثر ہوا، کیونکہ مغربی سسٹم کے عقب میں موجود سرد ہوائیں قدرتی طور پر درجہ حرارت کو کم کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب یہ سسٹم مکمل طور پر ختم ہو جائے گا تو سائبیرین ہوائیں فعال ہو جائیں گی، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں مزید کمی دیکھنے کو ملے گی۔ چیف میٹرولوجسٹ نے یہ بھی بتایا کہ اگلے 10 روز تک کراچی میں کسی بھی بارش کے نظام کے اثرات متوقع نہیں ہیں، لہذا شہری سردی کی موجودہ لہر کے لیے مکمل تیار رہیں۔







Discussion about this post