وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سانحۂ آرمی پبلک اسکول کا حقیقی انصاف اسی دن ممکن ہوگا جب پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل اور دائمی خاتمہ کر دیا جائے گا۔سانحۂ اے پی ایس پشاور کی گیارہویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج پوری قوم ان معصوم شہدا کو سلامِ عقیدت پیش کر رہی ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کے روشن مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا بیش قیمت نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایسا دل دہلا دینے والا واقعہ تھا جس نے ہر دل کو غمزدہ کر دیا، مگر قوم کے حوصلے اور عزم کو توڑ نہ سکا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اے پی ایس کے معصوم بچے، ان کے اساتذہ اور اسکول کا عملہ قوم کی اجتماعی یادداشت میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، اور ان کی قربانیاں تاریخ کے سنہری ابواب کا حصہ بن چکی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی اس عظیم سانحے کا واحد اور سچا انصاف ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے صبر، حوصلے اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ملک ایک بار پھر دہشت گردی کی لہر کا سامنا کر رہا ہے اور مختلف علاقوں میں سیکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تو سانحۂ اے پی ایس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ جدوجہد ابھی جاری ہے اور اسے منطقی انجام تک پہنچانا ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بھرپور اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔







Discussion about this post