پاک فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مشترکہ فوجی مشق "وارئیر- IX” کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے، جو دونوں دوست ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی اشتراک کی ایک اور نمایاں مثال بن کر سامنے آیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق یہ سالانہ بنیادوں پر منعقد ہونے والی دو طرفہ انسدادِ دہشت گردی مشقوں کا نواں ایڈیشن ہے، جس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی کو مزید مؤثر بنانا اور دونوں افواج کے درمیان عملی ہم آہنگی کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔ اس مشق کا افتتاح یکم دسمبر 2025 کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں کیا گیا، جہاں پاکستان اور چین کے سینئر عسکری حکام نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں منگلا کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نعمان زکریا اور چین کی ویسٹرن تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف میجر جنرل بیان شیاؤمِنگ بھی موجود تھے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اس مشق کو دونوں ممالک کس قدر اہمیت دے رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس سال وارئیر- IX کا مرکزی محور انسدادِ دہشت گردی ہے، جس کے تحت پاک چین افواج مشترکہ طور پر مختلف جنگی حکمتِ عملیاں، مربوط آپریشنز اور جدید پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے پر کام کریں گی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان تجربات، مہارتوں اور بہترین طریقۂ کار کا تبادلہ بھی کیا جائے گا، تاکہ دہشت گردی جیسے عفریت سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون صرف عسکری شراکت نہیں بلکہ باہمی اعتماد، احترام اور کئی دہائیوں پر محیط اسٹریٹجک تعلقات کا عکس ہے۔ وارئیر- IX جیسی مشترکہ مشقیں دونوں ممالک کے مضبوط ملٹری ٹو ملٹری روابط اور خطے میں امن و استحکام کے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ آئندہ دنوں میں اس مشق کے دوران مختلف انسدادِ دہشت گردی سے متعلق مشقیں اور عملی ڈرلز انجام دی جائیں گی، جن کا مقصد دونوں افواج کی پیشہ ورانہ تیاری، ردِ عمل کی صلاحیت اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ وارئیر- IX نہ صرف ایک فوجی مشق ہے بلکہ پاک چین دوستی کے عملی مظاہرہ کا ایک روشن باب بھی ہے۔







Discussion about this post