وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو یہ حقیقت سمجھنی ہوگی کہ کالعدم ٹی ٹی پی جیسے دہشت گرد گروہوں کی حمایت سے خطے میں کبھی امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امن صرف باہمی اعتماد، تعاون اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد سے ہی ممکن ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں یاد دلایا کہ پاکستان خود طویل عرصے تک دہشت گردی کے خلاف صفِ اول میں رہا ہے اور ہماری بہادر مسلح افواج نے اپنی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دشمن کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے بے پناہ قربانیاں دے کر اس وطن میں امن و استحکام بحال کیا ہے۔ شہباز شریف نے اس موقع پر عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی اپنائے تاکہ دنیا بھر میں امن اور ترقی کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا جا سکے۔ اسلام آباد میں جاری اس دو روزہ کانفرنس میں آذربائیجان، ازبکستان، کینیا، فلسطین، مراکش، روانڈا، لائبیریا، بارباڈوس اور نیپال کے پارلیمانی وفود شریک ہیں۔ کانفرنس کا مقصد عالمی امن، ترقی، اور بین الاقوامی پارلیمانی تعاون کو فروغ دینا ہے تاکہ مختلف خطوں کے ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ سکیں اور اجتماعی طور پر ایک پُرامن دنیا کی تشکیل میں کردار ادا کریں۔







Discussion about this post