میکسیکو سٹی میں صدر کلاڈیا شین بام کے ساتھ ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جب ایک شخص نے ملاقات کے دوران انہیں قابل اعتراض انداز میں چھونے اور گردن پر بوسہ دینے کی کوشش کی۔ واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے اس شخص کو گرفتار کر لیا۔ عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، یہ واقعہ منگل کو صدارتی محل کے قریب اس وقت پیش آیا جب صدر شین بام اپنے حامیوں سے ملاقات کر رہی تھیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص صدر کے قریب آ کر کندھے پر بازو رکھتا ہے اور کمر و سینے کو چھوتا ہے جبکہ بوسہ دینے کی کوشش بھی کرتا ہے۔ سیکیورٹی اہلکار نے فوراً مداخلت کرتے ہوئے اس شخص کو پیچھے ہٹا دیا۔

رپورٹس کے مطابق، وہ شخص ممکنہ طور پر منشیات یا شراب کے زیرِ اثر تھا۔ اس کے باوجود صدر شین بام نے تحمل کا مظاہرہ کیا، اس شخص سے مہذب انداز میں گفتگو کی، تصویر کھنچوانے کی اجازت دی اور جاتے وقت اس کی پشت تھپتھپائی۔ واقعے کے بعد وزارتِ خواتین اور دیگر سرکاری حکام نے سخت ردِعمل ظاہر کیا۔ وزیر ستلالی ہرنانڈیز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کہا:
"ہم صدر کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ایسے مردانہ رویّے جو خواتین کی ذاتی جگہ میں ناپسندیدہ مداخلت کو معمول بناتے ہیں، ان کا خاتمہ ضروری ہے۔”
یہ واقعہ میکسیکو میں خواتین کے خلاف ہراسانی کے بڑھتے ہوئے مسئلے کو اجاگر کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کی خواتین سے متعلق ایجنسی (یو این ویمن) کے مطابق، میکسیکو میں 15 سال یا اس سے زائد عمر کی 70 فیصد خواتین اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار جنسی ہراسانی کا سامنا کر چکی ہیں۔ یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ عالمی سطح پر خواتین کی حفاظت اور ان کی ذاتی حدود کا احترام آج بھی ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس کے تدارک کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔







Discussion about this post