عالمی فٹ بال کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے مداحوں کو ایک جذباتی خبر دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد فٹ بال کو خیرباد کہنے والے ہیں۔ ان کے مطابق اب وقت آ گیا ہے کہ وہ میدان سے باہر اپنی فیملی کے ساتھ زندگی کے نئے سفر کا آغاز کریں۔40 سالہ رونالڈو نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ان کے لیے آسان نہیں، کیونکہ فٹ بال ان کی زندگی کا سب سے بڑا جذبہ رہا ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ وہ اس لمحے کی تیاری گزشتہ کئی سالوں سے کر رہے تھے۔ ان کے بقول، “میں جانتا ہوں کہ یہ لمحہ بہت مشکل ہوگا، لیکن میں اس کے لیے تیار ہوں۔ میں نے 25 یا 26 سال کی عمر سے ہی اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنا شروع کر دیا تھا۔ اب میں اس دباؤ کو سمجھتا ہوں اور اسے قبول کرنے کے لیے تیار ہوں۔” رونالڈو اس وقت کلب اور قومی ٹیم دونوں کے لیے مجموعی طور پر 952 گولز کے ساتھ دنیا کے سب سے کامیاب گول اسکورر ہیں۔

وہ پہلے بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنا آخری ہدف 1000 گولز حاصل کرنے کے بعد فٹ بال کو الوداع کہیں گے۔ اپنے شاندار کیریئر اور گول کرنے کے جنون کے بارے میں بات کرتے ہوئے رونالڈو نے کہا، “فٹ بال میں گول کرنے کا جو ایڈرینلائن ہوتا ہے، وہ دنیا کی کسی اور چیز سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ لیکن ہر چیز کا ایک آغاز ہوتا ہے، اور ایک اختتام بھی۔” انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ اپنے بچوں اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔ “میں چاہتا ہوں کہ زندگی کے اس اگلے مرحلے میں اپنے بچوں کی پرورش پر توجہ دوں، ان کے ساتھ وقت گزاروں، اور ایک عام انسان کی طرح جیو۔” کرسٹیانو رونالڈو کا یہ اعلان فٹ بال دنیا کے لیے ایک نئے باب کا آغاز اور ایک عظیم دور کے اختتام کی نشاندہی کرتا ہے۔








Discussion about this post