واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک اور شاندار سہولت متعارف کرادی ہے . اب آپ اپنے انکرپٹڈ بیک اپ تک رسائی پاس کیز (Passkeys) کے ذریعے حاصل کر سکیں گے۔ یہ نیا فیچر صارفین کے لیے سیکیورٹی اور سہولت دونوں کو یکجا کرتا ہے، خاص طور پر ان کے لیے جو اپنا فون گم یا تبدیل کر بیٹھتے ہیں۔ پاس کیز کے ذریعے صارفین اب باآسانی اپنے واٹس ایپ ڈیٹا تک فنگر پرنٹ، فیس آئی ڈی یا پچھلی ڈیوائس کے اسکرین لاک کوڈ کے ذریعے دوبارہ رسائی حاصل کر سکیں گے۔ اس جدت نے نہ صرف بیک اپ تک پہنچنے کا عمل تیز کر دیا ہے بلکہ پیچیدہ پاس ورڈز یاد رکھنے کی ضرورت بھی ختم کر دی ہے۔ میٹا کے زیرِ انتظام واٹس ایپ نے 2021 میں چیٹ بیک اپ کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن متعارف کرائی تھی، جس کے لیے صارفین کو 64 حروف پر مشتمل ایک خفیہ کلید یاد رکھنی پڑتی تھی۔ اب، پاس کیز کے اضافے کے بعد یہ مرحلہ تاریخ کا حصہ بن گیا ہے۔ واٹس ایپ کے مطابق، دنیا بھر میں اس کے تین ارب سے زائد فعال صارفین ہیں، اور نیا فیچر جلد ہی تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔ یہ اپڈیٹ نہ صرف ڈیٹا سیکیورٹی کو ایک نئی سطح پر لے جائے گی بلکہ صارف کے اعتماد اور آسانی میں بھی بے پناہ اضافہ کرے گی۔ ایپ میں انکرپٹڈ بیک اپ کو فعال کرنے کے لیے صرف یہ راستہ اپنائیں:
Settings > Chats > Chat Backup > End-to-End Encrypted Backup
واٹس ایپ کا یہ قدم ڈیجیٹل پرائیویسی کی دنیا میں ایک اور سنگِ میل ثابت ہوگا۔







Discussion about this post