پاکستان کی توانائی تاریخ میں اہم سنگِ میل اُس وقت طے ہوا جب امریکی خام تیل سے لدا پہلا آئل ٹینکر کراچی پہنچ گیا۔ ایم ٹی پیگاسس نامی یہ بڑا امریکی بحری جہاز آج سنرجیکو (Cnergyico) کے آف شور آئل ٹرمینل پر برتھ کرے گا۔ کمپنی کے مطابق یہ اب تک پاکستان آنے والا سب سے بڑا امریکی تیل بردار جہاز ہے۔
سنرجیکو نے پہلی بار امریکہ سے 10 لاکھ بیرل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ آئل درآمد کیا ہے، جس کے ساتھ ہی اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان تجارتی معاہدے کے تحت خام تیل کی باقاعدہ درآمد کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ شپ 14 ستمبر کو ہیوسٹن سے روانہ ہوئی تھی اور آج بلوچستان کے ساحل پر واقع ایس پی ایم آف شور ٹرمینل پر لنگر انداز ہوگی۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ نومبر کے وسط میں دوسرا آئل کارگو بھی متوقع ہے، جبکہ تیسرا کارگو 2026 میں لایا جائے گا۔ اس پیش رفت کے بعد سنرجیکو، امریکا سے براہِ راست خام تیل درآمد کرنے والی پاکستان کی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔ سنرجیکو جو 2017 میں بھی ملک کے سب سے بڑے خام تیل بردار جہاز کی آمد کا ریکارڈ قائم کر چکی ہے. کا کہنا ہے کہ امریکی تیل کی درآمد پاک–امریکہ تجارتی تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہے، جس سے ملکی توانائی شعبے میں اہم استحکام متوقع ہے۔







Discussion about this post