آج منگل، 30 ستمبر سے بھارت اور سری لنکا میں خواتین کا 13واں کرکٹ ورلڈ کپ شروع ہو رہا ہے۔ افتتاحی تقریب بھارت کے شہر بینگلورو میں ہوگی، تاہم پاکستانی ٹیم اس میں شرکت نہیں کرے گی۔ٹورنامنٹ کا پہلا میچ میزبان بھارت اور سری لنکا کے درمیان بینگلورو میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے اس سال کے اوائل میں لاہور میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر میں 100 فیصد فتوحات حاصل کر کے میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
پاکستانی ٹیم کے میچز:
پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستانی ٹیم بھارت نہیں جا رہی۔ اس لیے پاکستان کے تمام میچ سری لنکا کے شہر کولمبو کے آر پریماداسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
اگر پاکستان سیمی فائنل (29 اکتوبر) اور فائنل (2 نومبر) کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو یہ دونوں میچ بھی کولمبو میں ہوں گے۔ فاتح ٹیم کو 44 لاکھ ڈالر ملیں گے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 22 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔
تیاری اور فارم:
ورلڈ کپ سے قبل پاکستان نے لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی، جس میں جنوبی افریقہ نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستانی اسکواڈ میں سات کھلاڑی ایسے ہیں جو اپنا پہلا ورلڈ کپ کھیلیں گے۔ کپتان فاطمہ ثنا نے کہا:
"ہماری تیاری پر فوکس واضح اور مقصدی رہا ہے۔ جن شعبوں میں بہتری درکار تھی ہم نے ان پر کام کیا اور حوصلہ افزا پیش رفت دیکھی۔ کولمبو میں تربیتی سیشنز نے ہمیں حالات کے مطابق ایڈجسٹ ہونے میں مدد دی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ نے مختلف کمبی نیشنز آزمانے کا موقع دیا۔”
انہوں نے مزید کہا:
"ورلڈ کپ سب سے بڑا اسٹیج ہے اور تسلسل، ڈسپلن اور ٹیم ورک ہی کامیابی کی کنجی ہیں۔ ہمارا فوکس ہر میچ میں سخت مقابلہ کرنا، اپنے پلانز مؤثر انداز میں نافذ کرنا اور ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے کے لیے بہترین کارکردگی دینا ہے۔”
15 رکنی پاکستانی سکواڈ:
فاطمہ ثنا (کپتان)، منیبہ علی صدیقی (نائب کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، ایمن فاطمہ، نشرا سندھو، نتالیہ پرویز، عمیمہ سہیل، رمین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سدرہ نواز (وکٹ کیپر)، سیدہ عروب شاہ
متبادل کھلاڑی:
گل فیروزہ، نجیحہ علوی، توبہ حسن، امِ ہانی، وحیدہ اختر
پاکستان کے میچز کا شیڈول (کولمبو، آر پریماداسا سٹیڈیم):
-
2 اکتوبر — بمقابلہ بنگلہ دیش
-
5 اکتوبر — بمقابلہ انڈیا
-
8 اکتوبر — بمقابلہ آسٹریلیا
-
15 اکتوبر — بمقابلہ انگلینڈ
-
18 اکتوبر — بمقابلہ نیوزی لینڈ
-
21 اکتوبر — بمقابلہ جنوبی افریقہ
-
24 اکتوبر — بمقابلہ سری لنکا
-
29 اکتوبر — پہلا سیمی فائنل
-
30 اکتوبر — دوسرا سیمی فائنل
-
2 نومبر — فائنل
تمام میچز مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2:30 بجے (پاکستانی وقت 2:00 بجے) شروع ہوں گے۔







Discussion about this post