خیبر پختونخوا کی سرزمین پر امن دشمنوں کے خلاف ایک اور شاندار کامیابی۔۔ سیکیورٹی فورسز نے 9 اور 10 ستمبر کو شمالی وزیرستان، مہمند اور بنوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے بھرپور آپریشنز کے دوران بھارت کی سرپرستی میں دہشت گردی کرنے والے 19 خوارج کو عبرت کا نشان بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، مہمند کے علاقے گلونو میں ہونے والے آپریشن میں بہادر جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 خارجی ہمیشہ کے لیے جہنم رسید ہوگئے۔ اسی طرح شمالی وزیرستان کے حساس علاقے دتہ خیل میں خفیہ اطلاع پر کی جانے والی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے مزید 4 ٹھکانے ختم کر دیے۔ ادھر بنوں میں ہونے والے ایک اور جرات مندانہ مقابلے میں ایک خارجی انجام کو پہنچا۔ آپریشنز کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جس سے دشمن کے مذموم منصوبے آشکار ہو گئے۔ یہ تمام خارجی بھارت کی سرپرستی میں خطے کو لہو میں نہلانے کی سازشوں میں ملوث تھے، مگر پاکستانی جوانوں کی بہادری نے ان کی دہشت گردی کے خواب چکناچور کر دیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اس عزم کے ساتھ ڈٹی ہوئی ہیں کہ پاکستان سے بھارتی سرپرست دہشت گردی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر کے ملک کو امن و سکون کا گہوارہ بنایا جائے۔







Discussion about this post