لاہور سیشن کورٹ میں یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے ملزمہ کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 15 ستمبر تک توسیع کر دی اور نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (NCCIA) کو گرفتار کرنے سے بھی روک دیا۔

عروب جتوئی اپنے وکیل چوہدری عثمان علی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ این سی سی اے کی جانب سے انکوائری نوٹس موصول ہوا ہے اور خدشہ ہے کہ انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ ملزمہ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ وہ شاملِ تفتیش ہونے کے لیے تیار ہیں، لہٰذا گرفتاری سے تحفظ فراہم کیا جائے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیشنل سائبر کرائم ایجنسی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ ادھر دوسری جانب، نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے ڈکی بھائی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ سعد الرحمان عرف ڈکی پہلے ہی این سی سی اے کے ریمانڈ پر موجود ہیں، جب کہ ایجنسی نے مزید چار سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو بھی طلب کر رکھا ہے۔ یہ معاملہ سوشل میڈیا کی دنیا میں ایک نئی ہلچل کا باعث بنا ہے اور دیکھنا یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں تحقیقات کس رخ اختیار کرتی ہیں۔







Discussion about this post