سعودی حکومت نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے عمرہ ادائیگی کو مزید سہل بنانے کے لیے ایک انقلابی اقدام اٹھا لیا ہے۔ اب غیر ملکی عمرہ زائرین بغیر کسی ایجنٹ یا ثالث کے براہِ راست آن لائن ویزا حاصل کر سکیں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اس مقصد کے لیے "نسک عمرہ” نامی ڈیجیٹل سروس کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت زائرین صرف ویزا ہی نہیں بلکہ رہائش، ٹرانسپورٹ اور مختلف ٹور پیکجز بھی اپنی سہولت کے مطابق آن لائن بک کرسکیں گے۔
وزارت کے مطابق یہ سہولت سرکاری ویب سائٹ https://umrah.nusuk.sa/ کے ذریعے دستیاب ہوگی، جہاں سے زائرین اپنی پسند کے مطابق مربوط یا علیحدہ علیحدہ پیکجز حاصل کرسکتے ہیں۔
ریاض الجنہ کی زیارت کے خواہشمند افراد کے لیے بھی بڑی آسانی
"نسک عمرہ” پلیٹ فارم کی بدولت ریاض الجنہ جانے والے زائرین بھی باآسانی اپنی سہولتیں پہلے ہی آن لائن بک کرسکیں گے، جس سے انہیں کسی رکاوٹ کے بغیر عبادات پر یکسوئی کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملے گا۔
ویژن 2030 کا حصہ
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سعودی عرب کے ویژن 2030 کا حصہ ہے، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کی میزبانی اور حج و عمرہ کی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ اس اقدام سے زائرین کا مجموعی تجربہ بہتر بنانے اور انہیں عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
مزید یہ کہ اگر کسی زائر کو آن لائن ایپ کے استعمال میں دشواری پیش آئے تو "نسک” پلیٹ فارم پر منظور شدہ ٹریول ایجنٹس کی تفصیلات بھی موجود ہیں جن کے ذریعے درخواست دی جا سکتی ہے۔







Discussion about this post