آذربائیجان کے چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم ولیئیف نے جی ایچ کیو میں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، موجودہ عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال، اور عسکری تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کرنل جنرل کریم ولیئیف نے معرکۂ حق میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ یومِ آزادی اور فتح کی تقریبات کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

آرمی چیف نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے معرکۂ حق کے دوران پاکستانی عوام کی حمایت اور یومِ آزادی کی تقریب میں آذری دستے کی شرکت کو قابلِ قدر قرار دیا۔ ملاقات کے دوران کرنل جنرل کریم ولیئیف نے صدر الہام علیئیف کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ’پیٹریاٹک وار میڈل برائے خدمات برائے فوجی تعاون‘ عطا کیا۔ یہ اعلیٰ عسکری اعزاز پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ آذربائیجان کے فوجی سربراہ نے دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کی غیر متزلزل کوششوں کو سراہتے ہوئے دفاع اور سلامتی کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ معزز مہمان نے پاکستان کی شاندار میزبانی اور آذربائیجان کے لیے مسلسل حمایت پر خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ جی ایچ کیو آمد پر کرنل جنرل کریم ولیئیف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھا کر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔








Discussion about this post