کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں چوری کے مقدمے میں گرفتار گھریلو ملازمہ مہرین سے متعلق تفتیش میں حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق، مہرین ماضی میں اسلام آباد کی جیل میں قید رہ چکی ہے، جہاں اسے جیل میں سلائی کے کام پر ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ ملزمہ کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور وہ لاہور میں بھی متعدد مقدمات میں مطلوب رہی ہے۔دسمبر 2024 میں شہری شوکت محمود نے ڈیفنس تھانے میں رپورٹ درج کروائی تھی کہ ملازمہ نے چائے میں نشہ آور دوا ملا کر اہل خانہ کو بے ہوش کیا اور زیورات، نقدی و قیمتی سامان لے کر فرار ہو گئی۔ واردات میں 65 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ مہرین پہلے ہی فیروز آباد تھانے میں چوری کے مقدمے میں گرفتار تھی۔ اطلاع پر ڈیفنس مقدمے کے مدعیان نے پہنچ کر اسے شناخت کیا، جس کے بعد ڈیفنس پولیس نے بھی گرفتاری ڈال دی۔ پولیس کے مطابق، ملزمہ پر فیروز آباد میں تین مقدمات درج ہیں، جبکہ کلفٹن اور گذری میں بھی وہ وارداتیں کر چکی ہے۔ دوران تفتیش اس نے بتایا کہ اسلام آباد جیل میں اسے ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے، اور ممکنہ طور پر ملزمہ کے نیٹ ورک اور دیگر وارداتوں سے متعلق مزید انکشافات سامنے آ سکتے ہیں۔







Discussion about this post