پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے صدر آصف علی زرداری کے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد، جھوٹ پر مبنی اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ اپنے بیان میں شازیہ مری کا کہنا تھا کہ صدر زرداری نہ صرف ایک جرأت مند اور ثابت قدم سیاستدان ہیں بلکہ انہوں نے ہمیشہ آمریت، قید و بند اور دباؤ کا سامنا کیا مگر میدان نہیں چھوڑا۔
انہوں نے واضح کیا کہ:
"پیپلز پارٹی اور صدر آصف زرداری نے ہمیشہ جمہوریت کا دفاع کیا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ ہم کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔”

شازیہ مری نے کہا کہ صدر زرداری وہ واحد سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے اپنی صدارتی اختیارات رضاکارانہ طور پر پارلیمان کو منتقل کیے اور ان کی قیادت میں ملک کو صوبائی خودمختاری کا راستہ ملا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت صدر زرداری ملک کے پہلے سویلین صدر بننے جا رہے ہیں جو اپنی دوسری مدت مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کے استعفیٰ کا کوئی جواز موجود نہیں کیونکہ صدر کے انتخاب کے لیے چاروں صوبائی اسمبلیوں، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہے، اور پیپلز پارٹی کے اتحادیوں سے تعلقات اچھے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے بھی صدر زرداری کے استعفیٰ سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں "منظم سازش” قرار دیا ہے۔ شیری رحمان نے کہا:
"یہ بے بنیاد افواہیں جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش ہیں، عوام ان جھوٹی خبروں اور منفی پراپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں۔”

انہوں نے صدر زرداری کو جمہوری استحکام کی علامت اور آئینی اقدار کے نگہبان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ہمیشہ جمہوری پرچم بلند رہا ہے۔ ان کے بقول، آج بھی صدر زرداری اتحادی حکومت کے توازن اور پارلیمانی نظام کے اصل محافظ کے طور پر اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور ان کی موجودگی آئینی و جمہوری اداروں کے تحفظ کی ضمانت ہے۔







Discussion about this post