حکومتِ پاکستان نے توانائی کے شعبے میں ایک بڑی اور دیرپا اصلاحات کی بنیاد رکھتے ہوئے 10 سالہ "پنکھا تبدیلی منصوبے” کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد ملک بھر میں بجلی کی بچت کو فروغ دینا اور صارفین کے بجلی بلوں میں واضح کمی لانا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 2 ارب روپے کی لاگت سے ملک بھر میں پرانے، غیر مؤثر اور بجلی ضائع کرنے والے پنکھوں کو توانائی بچانے والے جدید پنکھوں سے تبدیل کیا جائے گا۔ یہ اسکیم "آن بل اسلامک فنانسنگ ماڈل” پر عمل کرے گی، جس میں کراچی سمیت تمام بجلی کے تقسیم کار ادارے (DISCOs) شامل ہوں گے۔
کیا ہوگا؟
-
ملک میں موجود 14 کروڑ 70 لاکھ پنکھوں میں سے 8 کروڑ 80 لاکھ پرانے پنکھے مرحلہ وار تبدیل کیے جائیں گے۔
-
اس اقدام سے 6000 سے 7000 میگاواٹ تک بجلی بچانے کی توقع ہے، جو گرمیوں میں درپیش بجلی بحران پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہو گا۔
-
فی پنکھا اوسط لاگت تقریباً 10,500 روپے رکھی گئی ہے، جس کی ادائیگی صارفین 6 سے 18 ماہ کی آسان اقساط میں بجلی کے بلوں کے ذریعے کریں گے۔
مالیاتی ماڈل اور تعاون
-
قرضہ کی شرح KIBOR + 2% پر دی جائے گی، جبکہ حکومت 10 فیصد فرسٹ لاس گارنٹی فراہم کرے گی۔
-
نادرا، 1-لنک، PITC اور پنجاب ٹیکنالوجی بورڈ جیسے ادارے اس منصوبے کی ڈیجیٹل و تکنیکی بنیادوں کو مضبوط کریں گے۔
-
PITC کے ذریعے بجلی کے صارفین کا ڈیٹا API سے منسلک کر کے اہل افراد کی نشاندہی کی جائے گی۔
ماحولیاتی اور معاشی فوائد
-
یہ منصوبہ نہ صرف بجلی کی کھپت میں کمی لائے گا بلکہ گرمیوں میں 11000 میگاواٹ کولنگ لوڈ کم کرے گا۔
-
حکومت کو capacity payments میں بچت ہوگی، جبکہ صارفین کو بہتر کارکردگی کے ساتھ کم بل ادا کرنا ہوں گے۔
-
ساتھ ہی کاربن فنانسنگ کلیمز کی نگرانی وزارتِ موسمیاتی تبدیلی اور این ای ای سی اے کریں گے۔
وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس منصوبے کا جائزہ لیا گیا، جس میں وزیر توانائی، گورنر اسٹیٹ بینک اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین سمیت تمام بڑے شراکت دار شریک ہوئے۔ وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ وزیراعظم اس پروگرام میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور اسے توانائی کی بچت، مالی شمولیت اور معاشی استحکام کا سنگِ میل قرار دے رہے ہیں۔
اگلا مرحلہ؟
تمام اسٹیک ہولڈرز نے منصوبے کے بر وقت آغاز اور مؤثر عمل درآمد کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔ ہدف ہے کہ اگلے 2 سے 3 ہفتوں میں تمام تیاریوں کو مکمل کر کے پہلا مرحلہ شروع کر دیا جائے۔







Discussion about this post