اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے رخصت پر ہونے کے باعث 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر آج سماعت نہیں ہو سکے گی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ کو ان درخواستوں پر سماعت کرنا تھی، تاہم جسٹس محمد آصف کی رخصت کے باعث آج کی کارروائی مؤخر کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ کاز لسٹ میں واضح طور پر مذکور تھا کہ دونوں جج صاحبان پی ٹی آئی کے پیٹرن انچیف اور ان کی اہلیہ کی سزا معطلی اور ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کریں گے۔ یاد رہے کہ عدالت نے اس سے قبل نیب کی استدعا پر اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کی تعیناتی کے لیے آج تک مہلت دی تھی۔ قبل ازیں، 5 جون کی سماعت بھی نیب کی درخواست پر بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی تھی، جبکہ 15 مئی کو نیب کو جواب جمع کرانے کے لیے نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی کے پیٹرن انچیف اور بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے اپنی سزاؤں کی معطلی اور ضمانت پر رہائی کی درخواست کر رکھی ہے۔ واضح رہے کہ 17 جنوری کو احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کرپشن ریفرنس میں پی ٹی آئی کے پیٹرن انچیف کو 14 سال اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
Discussion about this post