سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے دشوار گزار پہاڑی علاقے دتہ خیل میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت و بربریت کے 14 علمبردار خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ یہ آپریشن انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر فتنۂ الخوارج کے ایک اہم گروہ کے خلاف ترتیب دیا گیا، جنہیں بھارت کی پشت پناہی حاصل تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، دشمن سے آمنا سامنا ہوتے ہی گھمسان کی جھڑپ شروع ہوئی۔ دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، لیکن دشمن ہماری جری افواج کے آگے نہ ٹھہر سکا۔ کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج کے محفوظ ٹھکانے کو نشانے پر لے کر مؤثر انداز میں تباہ کیا گیا۔ فوجی ترجمان نے واضح کیا کہ علاقے میں مزید دشمن عناصر کی تلاش اور ان کا قلع قمع کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن پوری جانفشانی سے جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے عزم دہرایا ہے کہ وہ وطنِ عزیز کو بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے ہر ناسور سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گی۔
Discussion about this post