واشنگٹن ڈی سی میں قائم پاکستانی سفارتخانے نے 16 مئی کو "یومِ تشکر” کے طور پر نہایت قومی جذبے اور احترام کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر ایک پروقار پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ پاکستانی پرچم بلند کیا۔ باوقار کمیونٹی تقریب میں نمایاں پاکستانی نژاد امریکی شہریوں، صحافیوں، پاکستان سے آئے کاروباری وفود، اور سفارتخانے کے افسران و عملے نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بھارت کی بلاجواز جارحیت اس کے اندر پنپتے ہوئے انتہاپسند "ہندوتوا” نظریے کا مظہر ہے، جو بھارت کی ریاستی پالیسی بن چکا ہے۔ انہوں نے حاضرین کو پاکستان کی "آپریشن بنیان المرصوص” میں حاصل ہونے والی نمایاں کامیابی کی اہمیت سے آگاہ کیا اور کہا کہ اس کارروائی نے جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بحال کیا اور پاکستان کی قابلِ اعتبار دفاعی صلاحیت کو مضبوط کیا۔انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کا خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ سفیر نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کروائے۔

سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کی طرف سے حالیہ کشیدگی کے دوران اظہارِ یکجہتی اور اتحاد کو سراہا اور ان پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں کردار ادا کرتے رہیں اور پاکستان-امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد کریں۔








Discussion about this post