پاکستان کے ساتھ حالیہ جنگ بندی پر رضامندی نے انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کو سوشل میڈیا کے طوفان میں لاکھڑا کیا ہے۔ اتوار کے روز سے لے کر اب تک ان پر اور ان کی بیٹی پر شدید تنقید، ذاتی حملوں اور نازیبا زبان کا طوفان برپا ہے، جس نے انڈین آن لائن حلقوں میں ایک ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے۔ انڈین میڈیا کے مطابق، ناقدین نے نہ صرف وکرم مسری کو "غدار” اور "دیش دروہی” جیسے انتہائی سخت القابات سے نوازا بلکہ ان کی بیٹی کو بھی بخشا نہیں۔ سوشل میڈیا پوسٹس میں ان کی شہریت اور ذاتی زندگی پر سوالات اٹھائے گئے، یہاں تک کہ ان کی ذاتی معلومات بھی عام کر دی گئیں۔صورتحال اتنی بگڑ گئی کہ وکرم مسری کو بالآخر اپنا ایکس اکاؤنٹ پرائیویٹ کرنا پڑا۔ معروف صحافی سواتی چترویدی نے اس مہم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا،
"جن لوگوں نے ایک اعلیٰ سرکاری افسر کی بیٹی کو نشانہ بنایا اور اس کی ذاتی معلومات پھیلائیں، ان کے خلاف فوری کارروائی ہونی چاہیے۔”
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک-بھارت کشیدگی میں کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے بھی جنگ بندی کی تصدیق کر دی تھی۔
تاہم، سوشل میڈیا پر جنونی عناصر اس سفارتی پیش رفت کو ہضم نہ کر سکے، اور ایک اعلیٰ سفارت کار اور اس کے اہل خانہ کو نشانہ بنانے سے بھی باز نہ آئے۔یہ واقعہ نہ صرف آزادی اظہار کی حدود پر سوال اٹھاتا ہے، بلکہ انٹرنیٹ پر بڑھتے ہوئے بھارتی عدم برداشت اور انتہا پسندی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
Discussion about this post