امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور نیو یارک میں تعینات قونصل جنرل عامر احمد اٹوزئی نے نیو یارک شہر میں ہونے والے امریکن پاکستان فاؤنڈیشن کے سالانہ بورڈ ریٹریٹ عشائیے میں شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد پاکستانی نژاد امریکی برادری کے اہم اراکین، بورڈ ممبران اور تنظیم کے حامیوں کو ایک جگہ جمع کر کے تنظیم کی کامیابیوں اور آئندہ کے اہداف پر غور کرنا تھا۔ امریکن پاکستان فاؤنڈیشن ایک نمایاں غیر سرکاری تنظیم ہے جو پاکستانی نژاد امریکی برادری کو بااختیار بنانے کے لیے نوجوانوں کی قیادت، تعلیم، رہنمائی اور پیشہ ورانہ ترقی جیسے شعبوں میں کام کر رہی ہے۔ یہ تنظیم نہ صرف پاکستانی نژاد امریکیوں کے بارے میں مثبت تاثر قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی سطح پر مضبوط تعلقات کو فروغ دینے میں بھی پیش پیش ہے۔
اپنے خطاب میں سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکن پاکستان فاؤنڈیشن کے وژن، عملی حکمتِ عملی اور برادری کی خدمت سے وابستگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو درست تربیت اور وسائل فراہم کرنا پائیدار ترقی کی سب سے مؤثر راہ ہے۔ سفیر رضوان سعید شیخ نے تنظیم کے منظم ڈھانچے، قابل قیادت اور واضح مقصد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور خلوصِ نیت برادری کی سطح پر کام کرنے والی دیگر تنظیموں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکن پاکستان فاؤنڈیشن جیسی تنظیمیں نہ صرف ہماری برادری کو بااختیار بنا رہی ہیں بلکہ بیرونِ ملک پاکستان کا مثبت چہرہ بھی اجاگر کر رہی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی نژاد امریکی برادری دونوں ممالک کے درمیان ایک متحرک اور قیمتی پُل کا کردار ادا کر رہی ہے، جو امریکی معاشرے میں اہم خدمات انجام دے رہی ہے جبکہ اپنے آبائی وطن پاکستان سے جذباتی اور ثقافتی رشتہ بھی قائم رکھے ہوئے ہے۔
یہ تقریب نہ صرف ترقی کی ایک یادگار لمحہ تھی بلکہ ایک اجتماعی عزم کا اعادہ بھی تھی کہ سفارتی نمائندگان، تنظیمی قیادت اور برادری کے اراکین مل کر دو طرفہ ہم آہنگی ور تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ امریکن پاکستان فاؤنڈیشن ایک ایسا اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے جو شہری شمولیت، رہنمائی اور باہمی تعاون کو فروغ دے کر نہ صرف برادریوں کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے بلکہ قوموں کو ایک دوسرے کے قریب بھی لا رہی ہے۔
Discussion about this post