کیلی فورنیا امریکا میں مقیم متحرک اور فعال پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی رہنما ملک یونس اعوان نے ” پاکستان ہمیشہ زندہ باد ” کے نام سے رنگا رنگ محفل سجائی جس میں بھارتی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان کی شاندار کامیابی کا جشن منایا گیا۔ جشن کی خاص بات ایک کیک کاٹنے کی تقریب تھی، جو پاکستانیوں کی اپنے وطن سے محبت اور بیرون ملک اتحاد کا خوبصورت اظہار بنی۔
شرکاء نے جذباتی تقاریر، روایتی موسیقی، اور پاکستانی کھانوں کے ساتھ اپنی ثقافت سے وابستگی کا اظہار کیا۔ محفل میں موجود ہر فرد نے وطنِ عزیز پاکستان سے محبت اور کیلیفورنیا میں پاکستانی کمیونٹی کے مضبوط رشتوں کو سراہا۔ اس موقع پر ملک یونس اعوان کا کہنا تھا کہ یہ تقریب صرف ایک جشن نہیں، بلکہ ہمارے اتحاد، شناخت اور پاکستان سے ہماری وابستگی کا عملی مظہر تھی۔ ہم چاہے ہزاروں میل دور ہوں، مگر پاکستان ہمارے دلوں میں بستا ہے۔ ” پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کی یہ تقریب نہ صرف ایک قومی جذبے کا اظہار تھی بلکہ امریکہ میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کی یکجہتی اور ثقافتی عظمت کا مظہر بھی تھی۔
Discussion about this post